بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) 31 مارچ کو شہر کے مضافات میں آنے والے بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر میں کانگریس جے ڈی ایس کی انتخابی مہم کی شروعات کے لئے بہت بڑے جلسۂ عام کے اہتمام کی تیاریاں کافی زوروں سے جاری ہیں۔
اے آئی سی سی صدر راہل گاندھی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا اس ریلی میں ریاست کے سبھی 28 پارلیمانی حلقوں کے لئے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کی مہم کا باضابطہ آغاز کریں گے۔ دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے چند دن قبل مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران اس ریلی کی تاریخ کا اعلان کیاتھا۔
بتایاجاتا ہے کہ 31مارچ کی دوپہر تین بجے اس ریلی کا آغاز ہوگاجس میں راہل گاندھی اور دیوے گوڈا کے علاوہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ، کے سی وینو گوپال، وزیر اعلیٰ کمار سوامی ، سابق وزیراعلیٰ سدر امیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ اور دیگر سرکردہ لیڈر شرکت کریں گے ، اس کے علاوہ جے ڈی ایس کے سرکردہ رہنما بھی ریلی کا حصہ رہیں گے۔ اتحاد میں شامل تمام 28 امیدوار ریلی میں موجود رہیں گے۔
ریاست میں بی جے پی کے وجود کو کمزور کرنے اور زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے مقصد سے اس ریلی کے ذریعے انتخابی مہم کی شروعات کی جائے گی۔ کانگریس قائدین نے کہاہے کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے دیگر ڈویژنوں میں بھی اس طرح کے بڑے جلسے منعقد کئے جائیں گے جن میں دونوں پارٹیوں کے رہنما شرکت کرکے عوام سے ووٹ مانگیں گے۔